شہریوں اور تاجروں کے تعاون سے جرائم کا خاتمہ کریں گے ڈی آئی جی سائوتھ

November 14, 2019 2:13 pm0 commentsViews: 3

امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کراچی پولیس اپنی ذمہ داریوں کو پوری طرح نبھائے گی
حفیظ عزیز اور محمد حامد کی قیادت میں تاجر وفد کی شرجیل کھرل سے ملاقات
کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی ڈسٹرکٹ ساؤتھ شرجیل کھرل نے کہا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے اور کراچی پولیس اپنی ان ذمہ داریوں کو پوری طرح نبھائے گی۔ اسٹریٹ کرائم کے کچھ واقعات کا پولیس نے سختی سے نوٹس لیا ہے۔ تاجر برادری کو تحفظ فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔جرائم کی روک تھام پائیدار امن کا قیام شہریوں اور تاجروں کے تعاون سے ہی ممکن ہے اور اس تعاون کے نتیجے میں ہم جرائم کو مکمل ختم کر کے دم لیں گے۔ کراچی چیمبر آف کامرس کے ساتھ کراچی پولیس کا مضبوط رابطہ ہے اور اس کے نتیجے میں تاجر برادری کو ریلیف ملا ہے۔ ہم اس رابطے اور تعلق کو مزید مضبوط بنائیں گے اور تاجروں کے تعاون سے کراچی کو جرائم سے پاک شہر بنانے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ وہ اپنے دفتر میں تاجروں کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے کراچی چیمبر آف کامرس لاء اینڈ آرڈر کمیٹی کے رہنماؤں حفیظ عزیز، سہیل احمد اور اسمال ٹریڈرز کے صدر محمود حامد کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ حفیظ عزیز نے اس موقع پر امن و امان کی صورتحال اور انکروچمنٹ کے حوالے سے مسائل ڈی آئی جی ساؤتھ کے سامنے رکھے جس پر شرجیل کھرل نے کہا کہ امن و امان اور تاجروں کے حوالے سے جو واقعات سامنے آئے ہیں۔ ان کے خلاف پولیس نے سخت ایکشن لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں تجاوزات کے بارے میں سْپریم کورٹ کے احکامات سخت اور واضح ہیں اس لیے کہیں بھی کسی بھی قسم کی انکروچمنٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا تاجر مسائل کے حل کے لیے میرے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ تاجر وفد میں پیپر مارکیٹ کے ملک نعیم،بولٹن مارکیٹ کے رہنما عثمان شریف،اْردو بازار کے رہنما اقبال یوسف اور ایمپریس مارکیٹ کے رہنما عبد الرشید کاکڑ بھی شامل تھے۔