اخبارات کو اشتہارات کی رقم نہ دینے پر عدالت برہم

November 14, 2019 2:13 pm0 commentsViews: 4

توہین عدالت کی درخواست پر 4 دسمبر تک بقاجات ادا کرنے کی مہلت دے دی
معاملہ حل کرنے کیلئے اجلاس جاری ہے جسے فوری حل کرلیا جائے گا، ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات و اشتہارات کی یقین دہانی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے اخبارات کے اشتہارات کی مد میں بقایاجات کی ادائیگی نہ کرنے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر4 دسمبر تک بقایاجات ادا کرکے رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس آغا فیصل پر مشتمل2 رکنی بنچ کے روبرو اخبارات کے اشتہارات کی مد میں بقایاجات کی ادائیگی نہ کرنے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ایجنسیوں کو اشتہارات کی مد میں جو رقم دی جارہی ہے وہ اپنے پاس رکھ رہے ہیں۔ اخبارات کو واجبات ادا نہیں کئے جارہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بقایاجات فوری طور پر ادا کئے جائیں یہ معاملہ سالوں تک نہیں جانا چاہئے۔ ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات اشتہارات ذوالفقار شاہ نے بتایا کہ معاملے کے حل کیلئے اجلاس جاری ہے یہ دیکھنا ہے کہ کتنے بقایاجات ادا ہوگئے اور کتنے باقی ہیں۔ یقین دہانی کراتے ہیں کہ اس معاملے کو جلدی حل کرلیا جائیگا۔ عدالت نے سندھ حکومت کو معاملہ نمٹانے کیلئے2 ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے 4 دسمبر تک بقایاجات ادا کرکے رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔