سپریم کورٹ کے احکامات کے ڈی اے اور کے پی ٹی کیخلاف نیب تحقیقات بند

November 14, 2019 2:38 pm0 commentsViews: 5

سابق آئی جی سندھ غلام شبیر شیخ کیخلاف انکوائری جاری رہے گی، میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، چیئرمین نیب
حکومت سندھ کے افسران و اہلکاروں کیخلاف انکوائریاں عدم شواہد کی بنیاد پر قانون کے مطابق بند کی جارہی ہے، جسٹس (ر) جاوید اقبال
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نیب نے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے خلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دے دی، سابق آئی جی سندھ غلام شبیر کے خلاف انکوائری جاری رہے گی۔ جبکہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے اسے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سرجری اہم ضرورت ہے، نیب احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے، نیب فیس کو نہیں کیس کو قانون کے دائرے میں منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے، بزنس کمیونٹی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ بدھ کو قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں التمش میڈیکل سوسائٹی کے مالکان، ڈائریکٹرز اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن اور غلام شبیر شیخ سابق قائم مقام آئی جی پی سندھ اور دیگر کے خلاف انکوائری میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر قانونی پہلوئوں کا مزید جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کے ڈی اے حکومت سندھ کے افسران و اہلکاروں کے خلاف انکوائری معزز سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بند کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ڈاکٹر احمد ندیم اکبر سابق رجسٹرار پی ایم ڈی سی، عمران تاج جنرل منیجر نیسپاک، آفتاب احمد ایسوسی ایٹ انجینئر نیسپاک، فواد بٹ پراپرائٹر آف میسرز کنسٹرکشن ایکسپرٹس اور دیگر، ولی محمد نائچ سابق سپرنٹنڈنگ انجینئر خیرپور آبپاشی سرکل سکھر اور دیگر، ڈاکٹر پروین نعیم شاہ وائس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور اور دیگر، منظور احمد ملک سابق شیٹ کلرک، ایس ایس پی آفس جیکب آباد اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشنز جبکہ بورڈ آف ریونیو کے افسران و اہلکاران، ڈیفنس ہائوسنگ سوسائٹی کراچی، پورٹ قاسم اتھارٹی، کراچی پورٹ ٹرسٹ اور دیگر اور سعید احمد جاکھرانی سابق ڈائریکٹر نارا کنال (سیڈا) میرپورخاص، محکمہ آبپاشی نصرات ڈویژن کے افسران و اہلکاران اور دیگر کے خلاف انکوائریاں اب تک عدم شواہد کی بنیاد پر قانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی۔ جسٹس جاوید اقبال نے کہاکہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔