صدر کے اخباری اسٹالز مالکان احتجاج کیلئے تیار

November 14, 2019 2:42 pm0 commentsViews: 2

ایک طرف اخبار فروش کا بیٹا تعلیمی میدان میں کارنامہ دکھارہا ہے دوسری طرف انہیں بیروزگار کیا جارہا ہے
تجاوزات کی آڑ میں اخباری اسٹالز ہٹائے گئے تو مزاحمت کریں گے، محمد انور
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر میں اخباری اسٹالز لگانے والوں نے تجاوزات کے نام پر اخبارات کے اسٹالز ہٹانے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، ان اخبار فروشوں کا کہنا ہے کہ اخبارات کے اسٹالز تجاوزات نہیں ہیں۔ صدر ریگل چوک پر جتنے بھی اسٹالز ہیں وہ منظور شدہ ہیں اور کے ایم سی کو باقاعدہ کرایہ دیتے ہیں۔ انور بک اسٹال کے مالک محمد انور نے کہاکہ ایک طرف اخبار فروش کا بیٹا تعلیمی میدان میں کارنامہ دکھانے پر مبارکبادیں وصول کر رہا ہے تو دوسری طرف کے ایم سی اخبار فروشوں کو بے روزگار کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم احتجاج کے لیے تیار ہیں، اخبارات کے اسٹالز ہٹائے گئے تو ہم مزاحمت کریں گے۔ اس سلسلے میں انجمن امدادیہ اخبار فروشاں کے ساتھ مل کر مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور اخبار فروشوں کو بے روزگار ہونے سے بچائیں۔