وزیراعظم ہمیں طعنہ نہ دیں باہر جانے کی اجازت انہوں نے خود دی، چیف جسٹس

November 21, 2019 1:37 pm0 commentsViews: 2

ججوں پر اعتراض کرنیوالے تھوڑی احتیاط کریں‘ عدالت کے سامنے قانون سب سے طاقتور ہے‘عدالتیں قانون کو سامنے رکھتے ہوئے ہی فیصلہ کرتی ہیں
عدالت نے ایک وزیر اعظم کو عہدے سے ہٹایا، ایک کو سزا سنائی جبکہ ایک سابق آرمی چیف کیخلاف مقدمے کا فیصلہ آنے والا ہے‘ تقریب سے خطاب
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ ججوں پر اعتراض کرنے والے تھوڑی احتیاط کریں اور طاقتور کا طعنہ ہمیں نہ دیں‘ عدالت کے سامنے قانون سب سے طاقتور ہے اور عدالتیں قانون کو سامنے رکھتے ہوئے ہی فیصلہ کرتی ہیں۔سپریم کورٹ میں بدھ کو وکلا اور سائلین کے لیے موبائل ایپ اور ویب سائٹ کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہمارے منتخب نمائندے ہیں اور دو روز قبل جس کیس پر وزیر اعظم نے بات کی اس پر وہ کوئی بیان نہیں دینا چاہتے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بات کی ان کو پتہ ہونا چاہیے کہ کسی کو باہر جانے کی اجازت وزیر اعظم نے خود دی ہے چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت عظمی نے ایک وزیر اعظم کو ان کے عہدے سے ہٹایا، ایک وزیر اعظم کو سزا سنائی جبکہ ایک سابق آرمی چیف کے خلاف مقدمے کا فیصلہ آنے والا ہے‘واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سید یوسف رضا گیلانی کو توہین عدالت کے مقدمے میں ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا جبکہ میاں نواز شریف کو پانامہ پیپرز کیس میں نااہل قرار دیا گیا اور سابق جنرل پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کے مقدمے کا فیصلہ 28 نومبر کو متوقع ہے ۔چیف جسٹس نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں تو طریقہ کار پر بات ہو رہی تھی، وزیر اعظم نے اس معاملے کے اصول خود طے کیے تھے‘یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دو روز قبل ہزارہ موٹروے کے افتتاح کے موقع پر لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو علاج کے غرض سے بیرون ملک بھجوانے کے فیصلے کا بلواسطہ ذکر کرتے ہوئے موجودہ چیف جسٹس اور آنے والے چیف جسٹس سے اپیل کی تھی کہ وہ اس تاثر کو ختم کریں کہ طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون ہے۔چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ جج اپنا کام عبادت سمجھ کر کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود عدلیہ لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کی کوششش کر رہی ہے. چیف جسٹس نے کہاکہ 3ہزار ججوں نے لاکھ مقدمات کے فیصلے سنائے ہیں جن میں کمزور لوگوں کے مقدمات بھی شامل ہیں انہوں نے کہا کہ قتل جیسے سنگین مقدمات کے فوری فیصلوں کے لیے ماڈل کورٹس بنائے لیکن اس اقدام کا ڈھنڈورا نہیں پیٹا اور نہ ہی ماڈل کورٹ کا کوئی اشتہار لگوایا‘ گزشتہ 25سال سے زیر التوا مقدمات کو نمٹا دیا گیا ہے اور اب زیر التوا مقدمات کی تعداد بہت کم ہو گئی ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ پارلیمان سے کسی قانون میں ترمیم کا مطالبہ بھی نہیں کیا اور نہ ہی عدلیہ کے لیے کوئی اضافی بجٹ مانگا ہے انہوں نے کہا کہ جج موجودہ قوانین کے مطابق جذبے کے ساتھ کام کر رہے ہیں. انہوں نے وزیر اعظم کی طرف سے عدلیہ کو ہر ممکن وسائل فراہم کرنے سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے بیان کا خیر مقدم کیا‘انہوںنے کہا کہ عدلیہ کو ٹیکنالوجی کے ذریعے جدید خطوط پر استوار کرنا ہے اور آج پاکستان کی عدالتوں میں بھی تمام چیزیں استعمال ہو رہی جو دنیا کی عدالتوں میں ہوتی ہیں۔منصوبے کے انچارج جج جسٹس مشیر عالم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ویب سائٹ سے مقدمات سے متعلق تمام معلومات وکلاء￿ اور سائلین کو میسر ہوں گی‘انہوں نے کہا کہ پہلے سائلین وکلاء کے رحم و کرم پر ہوتے تھے اور اب سائلین اپنے مقدمات سے متعلق معلومات گھر بیٹھے حاصل کر سکیں گے ۔جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ اطلاعات تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے کال سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے جس سے مطلوبہ معلومات حاصل ہوسکیں گی۔