پاک بحریہ کا چوتھا فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل فور جہاز تیار

November 28, 2019 2:14 pm0 commentsViews: 11

مقامی سطح پر پہلی بار ڈیزائن کئے جانیوالے جدید ملٹی مشن کی لمبائی 63میٹر اور وزن 560 ٹن ہے
لانچنگ تقریب کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی ٗ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال مہمان خصوصی تھیں
کراچی(کرائم رپورٹر)مقامی سطح پر ڈیزائن کی جانے والی پہلی جبکہ پاکستان بحریہ کے لئے مقامی سطح پر تیار کی جانے والی چوتھی فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)4- کی لانچنگ کی تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی۔وفاقی وزیربرائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل) – 4 جدید ملٹی مشن جہاز ہے جس کی لمبائی 63 میٹر ہے اوروزن 560 ٹن ہے۔یہ 04 شافٹس کے ذریعے چلتا ہے اور اس کی رفتار 30 ناٹس ہے۔یہ میزائل کرافٹ مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ میزائلوں اور سینسرز سے لیس ہوگا۔جہاز کو مقامی طور پر میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس (ایم ٹی سی) نے ڈیزائن کیا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے پاک بحریہ ، میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کو مقامی سطح پر تیاری اور خود انحصاری کے قومی اہداف کے حصول میں اس سنگ میل کو عبور کرنے پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس پبلک سیکٹر کی ان چند صنعتوں میں سے ایک ہے جنہوں نے گذشتہ دہائی میں نمایاںترقی کی اور منسٹری آف ڈیفنس پروڈکشن کے لئے پائیدار منافع پیدا کرنے والے اداروں میں شامل ہوئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی آئندہ معاشی ترقی کو دیکھتے ہوئے وزارتِ دفاعی پیداوار بھرپور طریقے سے نئے شپ یارڈز کے قیام کے لیے سرگرم ہے۔