سپریم کورٹ میں بھی خواتین ججز کی تعیناتی جلد ہوگی: چیف جسٹس

December 2, 2019 1:10 pm0 commentsViews: 1

معاشرے میں خواتین کا کردار بڑھتا جا رہا ہے‘ اعلیٰ عدلیہ خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے
جج بننے کے بعد خواتین ججز کا رویہ بھی مرد ججز کی طرح ہو جاتا ہے، خواتین ججز کانفرنس سے خطاب
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے معاشرے میں خواتین کا کردار بڑھتا جا رہا ہے، سپریم کورٹ میں بھی خواتین ججز کی تعیناتی جلد ہوگی۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں تیسری خواتین ججز کانفرنس سے چیف جسٹس آف پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے، خواتین کی ضمانت سے متعلق کچھ نرمی کی ضرورت ہے انھوں نے کہا کانفرنس سے خواتین کی قانون کے شعبے میں حوصلہ افزائی ہوگی، ضلعی عدالتوں میں 300 سے زائد خواتین ججز خدمات انجام دے رہی ہیں، معاشرے میں خواتین کا کردار بڑھتا جا رہا ہے، ہمیں بھی زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کو با اختیار بنانا ہوگا، عدلیہ خواتین کے تحفظ، انصاف کی فراہمی کے لیے ترجیحی اقدامات کر رہی ہے۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں بھی خواتین ججز کی تعیناتی جلد ہوگی، جج بننے کے بعد خواتین ججز کا رویہ بھی مرد ججز کی طرح ہو جاتا ہے، وقت کے ساتھ خواتین اور مرد ججز کا فرق ختم ہو جائے گا، خواتین ججز ذہنی تناؤ سے آزاد رہ کر اپنا کام کریں، لیکن جرائم کے مقدمات میں خواتین ججز سخت الفاظ سے گریز کریں۔آصف سعید کھوسہ نے خطاب میں کہا کہ جب انسانوں میں فیصلہ کرو تو انصاف سے کرو، امانت والوں کو ان کی امانتیں لوٹا دو، قرآن میں بار بار انصاف فراہمی کی تلقین کی گئی ہے، اللہ انصاف کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ آئین میں اقلیتوں سمیت ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں، عدالتیں 50 سال سے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کر رہی ہیں۔