ایڈیلیڈ ٹیسٹ: فالو آن کا شکار قومی ٹیم کے سر پر وائٹ واش کا خطرہ منڈلانے لگا

December 2, 2019 1:55 pm0 commentsViews: 5

گرین شرٹس نے 5 وکٹوں پر154 رنز بنا لئے‘ شان مسعود 68، اسد شفیق 57 رنز بنا کر آئوٹ
پنک بال میچ میں قومی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے اب بھی مزید 133 رنز درکار ہیں جبکہ5وکٹیں باقی ہیں
ایڈیلیڈ (مانیٹرنگ ڈیسک)آسٹریلیا کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہونے والی قومی ٹیم کے سر پر وائٹ واش کا خطرہ منڈلانے لگا۔آخری اطلاعات آنے تک پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین جاری ٹیسٹ کے چوتھے روز پہلے سیشن میںگرین شرٹس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا لئے ہیں۔ شان مسعود 68 اور اسد شفیق 57 رنزکے مہمان ثابت ہو ئے۔ افتخار احمد7 اور رضوان (0) رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ قومی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے اب بھی مزید 133 رنز درکار ہیں جبکہ 5وکٹیں باقی ہیں ۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے پنک بال میچ میں قومی ٹیم آسٹریلیا کے 589 رنز کے جواب میں 302 رنز پر ڈھیر ہو کر فالو آن کا شکار ہوئی۔ آسٹریلیا کے کپتان نے پاکستان کو دوبارہ بیٹنگ کی دعوت دی تو پہلی اننگز کے 287 رنز کے خسارے میں موجود پاکستانی بلے باز دوسری اننگز میں بھی لڑکھڑا گئے۔پہلی اننگز میں دو رنز بنانے والے امام الحق دوسری اننگز میں بھی ناکام ثابت ہوئے اور اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔قومی ٹیم کے آؤٹ آف فام کپتان اظہر علی کی دوسری اننگز بھی پہلی اننگز کی طرح 9 رنز تک محدود رہی اور دونوں بار اظہر علی نے اسٹیون اسمتھ کو کیچ تھمایا۔پہلی اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار ہونے والے بابراعظم دوسری اننگز میں صرف 8 رن کے مہمان ثابت ہوئے۔تیسرے روز کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز بنا لیے تھے ۔