بہادری کا شوق چڑیا گھر کے ملازم کو شیر نے دبوچ لیا

December 10, 2019 12:17 pm0 commentsViews: 41

ڈیوٹی کے اوقات کار ختم ہونے کے بعد کنو گھر جارہا تھا اچانک سفید شیر کے پنجرے میں ہاتھ ڈال کر سیلفی بنانے لگا
ملزم کی چیخ و پکار سن کر امدادی ٹیم نے فوری طور پر شیر کو بیہوش کرکے جان بچالی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی چڑیا گھر کے زو کیپر کو شیر سے مستی مہنگی پڑ گئی، بہادری دکھانے پر شیر نے 40 سالہ ملازم کو دبوچ لیا تاہم امدادی عملے کی بروقت کارروائی کے باعث اس کی جان بچ گئی، تاہم ملازم کا ہاتھ شدید زخمی ہوگیا۔ ڈائریکٹر زو نے واقعہ کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی چڑیا گھر کا 40 سالہ ملازم کنو چڑیا گھر کے اوقات ختم ہونے کے بعد گھر جانے کے لیے روانہ ہو رہا تھا کہ اچانک وہ سفید شیر کے پنجرے کے باہر کھڑا ہو کر بہادری کے جوہر دکھانے لگا، اس نے سیلفی بنانے کے لیے اپنا ہاتھ پنجرے میں داخل کر کے شیر کو پکڑنے کی کوشش کی مگر شیر نے اس کا ہاتھ دبوچ لیا۔ اس کی چیخ و پکار سن کر امدادی ٹیم پہنچ گئی جس نے شیر کو ہنگامی طور پر بے ہوش کر کے کنو کی جان بچالی، تاہم اس کا بازو شدید زخمی ہوگیا۔ ڈائریکٹر زو کنور ایوب نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کنو شیر کو خوراک فراہم کرنے پر مامور تھا، ڈیوٹی سے فراغت کے بعد وہ شیر کے پنجرے کے پاس چلا گیا اور بہادری کے جوہر دکھا کر سیلفی بنانے لگا، اس دوران یہ حادثہ رونما ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ واقعہ کی انکوائری ہو رہی ہے رپورٹ آنے پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی، تاہم ابتدائی رپورٹ میں معلوم ہوا ہے کہ کنو کی بیوی نے اسے بزدل ہونے کا طعنہ دیا تھا جس پر وہ شیر کو پکڑ کر سیلفی بنا رہا تھا تاکہ بیوی کو یقین دلا سکے کہ وہ بہادر ہے۔