جب سے موجودہ حکومت مسلط ہوئی، انسانی حقوق کی پامالی میں اضافہ ہوا ہے، بلاول

December 10, 2019 1:28 pm0 commentsViews: 8

کراچی: چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جب سے موجودہ حکومت مسلط ہوئی ہے، ملک میں انسانی حقوق کی پامالی میں اضافہ ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ ریاست کی جانب سے اپنے شہریوں سے معاہدے کا احترام اور ہر شہری کے انسانی حقوق کی بلا امتیاز پاسداری ضروری ہے، انسانی حقوق کی پاسداری کی ضمن میں کوتاہی قیامِ پاکستان کے بنیادی اصولوں سے انحراف کے مترادف ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا جب سے موجودہ حکومت مسلط ہوئی ہے، ملک میں انسانی حقوق کی پامالی میں اضافہ ہوا ہے، پی ٹِی آئی حکومت نے آزادیِ صحافت سے لے کر آزادیِ انجمن و تنظیم جیسے حقوق کو دبانے والی مہم کی سرپرستی کی، اس کے علاوہ حکومت نے طلبہ اور شہید مشال کے والد کے خلاف پرچہ کاٹ کر ریاستِ مدینہ کے متعلق اپنے دعووں کو زمیں بوس کردیا۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پرامن و ترقی پسند معاشرے کے لیے آزادیِ اظہار، عقیدے کی آزادی، خواتین، بچوں اور پسماندہ طبقات کے حقوق کو تحفظ دینا ہوگا تاہم حکومت کی معاشی پالیسیاں عوام کو عزت سے جینے کے حق کو غضب اور پسماندگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔