جرائم کا خاتمہ کریں گے پولیس اور صنعتکاروں کی مشترکہ حکمت عملی تیار

January 10, 2020 12:06 pm0 commentsViews: 16

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی
کراچی( کامرس ڈیسک)کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے صنعتکار برادری کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے صنعتکاروں سے کہا ہے کہ وہ اپنی فیکٹری، ملوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں تاکہ جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھی جاسکے اور صنعتکاروں کی جان ومال کو محفوظ بنایا جاسکے جبکہ پولیس کا گشت بھی مزید بڑھایاجائے گا۔یہ بات انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کہی۔اجلاس میں نکاٹی کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن اے معیز خان،صدر نسیم اختر،سینئر نائب صدر عمران معیز خان، نائب صدر فواد الہٰی شمسی،چیف سی ایم سی اختر اسماعیل،چیف ڈی ایم سی فاروق کھاتورا،نارتھ کراچی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (نکائی) کے سی ای اوصادق محمد، چیئرمین بورڈ فراز مرزا، اراکین منیجنگ کمیٹی اورممبران کے علاوہ ڈی آئی جی ویسٹ ڈاکٹر امین یوسف زئی،ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ، ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل طارق نواز، ایس پی نیو کراچی الطاف حسین،ایس ایس پی ٹریفک اعجاز الدین بھی اجلاس میں شریک تھے۔اجلاس میں چیئرمین بورڈ نکائی فراز مرزا کے والد اورپولیس کے شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔کراچی پولیس چیف نے نکاٹی میں قائم کرائم کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا اور جرائم پر قابو پانے میں نکاٹی کے تعاون کو سراہا۔