موٹر سائیکل پر پاکستان کا سفر کرنیوالی کینیڈین خاتون نے اسلام قبول کرلیا

January 10, 2020 12:15 pm0 commentsViews: 18

اسلامی تعلیمات اور پاکستان کی ثقافت سے متاثر ہوکر مسلمان ہوئی ہیں
قرآن پاک ہاتھ میں لئے اپنی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کردیں
کراچی (نیٹ نیوز) موٹر سائیکل پر تنہا پاکستان کا سفر کرنے والی کینیڈین خاتون سیاح روزی گیبریل نے اسلامی تعلیمات اور پاکستانی ثقافت سے متاثر ہو کر اسلام قبول کرلیا۔ محض ایک سال قبل روزی گیبریل ایک موٹر سائیکل کے ساتھ پاکستانی کلچر اور خوبصورتی کے بارے میں جاننے کے لیے آئیں اور تنہا موٹر سائیکل پر پاکستان کو دریافت کرنے نکل پڑیں۔ انہوں نے لاہور، سوات، ملتان اور گوادر سمیت متعدد مقامات کا دورہ کیا اور پاکستان کی خوبصورتی کو پہچانا اور اسے دنیا بھر کے لوگوں تک پہنچایا۔ روزی جہاں بھی جاتیں یو ٹیوب پر اپنے وی لاگز سے پاکستان کی خوبصورتی کے بارے میں لوگوں کو بتاتیں، یو ٹیوب پر پاکستان سے متعلق ان کی ویڈیو کو بہت شہرت ملی۔ روزی پاکستانی ثقافت اور اسلامی تعلیمات سے اس قدر متاثر ہوئیں کہ دائرہ اسلام میں داخل ہوگئیں۔ روزی نے انسٹاگرام پر چند تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ اپنے ہاتھوں میں قرآن پاک کو تھامے ہوئے چہرے پر پاکیزہ مسکراہٹ سجائے ہوئے ہیں ایک اور تصویر میں انہوں نے سر پر حجاب بھی باندھا ہوا ہے تصویر کے ساتھ روزی نے خوشخبری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسلام قبول کرلیا ہے۔