دبئی کا خراب موسم قومی ایئرلائن نے متعدد پروازیں ری شیڈول کردیں

January 13, 2020 1:15 pm0 commentsViews: 2

مسافروں کے خیال میں کسی قسم کی کمی نہ برتی جائے، دبئی میں پھنسے مسافروں کو ہوٹلز اور مرحبا لائونج منتقل کردیا گیا، سی ای او پی آئی اے ارشد ملک
پی آئی اے کا بورڈنگ کارڈ کے حامل مسافروں کو اشیاء خورد و نوش فراہم کی جارہی ہیں، عملہ گذشتہ 3 دن سے ایئرپورٹ پر ہی موجود ہے، ترجمان قومی ایئرلائن
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پی آئی اے نے دبئی میں خراب موسم کے باعث متعدد پروازیں ری شیڈول کردیں، دبئی میں پھنسے مسافروں کو ہوٹلز اور مرحبا لائونج منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اتوار کو بھی دبئی کے موسم کی پیشگوئی کے سبب پی آئی اے نے تبدیل شدہ شیڈول جاری کیا ہے، پی کے 214/213 کراچی دبئی کراچی، 236/215 اسلام آباد دبئی اسلام آباد اور 284/283 پشاور دبئی پشاور کو منسوخ کر دیا گیا جبکہ موسمی صورتحال کے باعث اور گزشتہ روز کے مسافروں کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے پی کے 212/211 اسلام آباد دبئی اسلام آباد اور پی کے 204/203 لاہور دبئی لاہور پر جہاز تبدیل کرکے بوئنگ 777 لگا دیے ہیں۔ پہلے ان پر چھوٹے جہاز 230 ایئربس لگے ہوئے تھے۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ روز سے زمین پر پھنسی ہوئی پرواز پی کے 212 کے مسافروں کو رات گزارنے کے لیے ہوٹل میں منتقل کیے گئے تاہم دبئی میں ہوٹلوں میں کمرے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے کچھ مسافروں کو مرحبا لائونج میں منتقل کر دیا گیا، لائونج میں ایک بین الاقوامی ریسٹورنٹ چین کو ہدایات دی گئی ہیں کہ پی آئی اے کا بورڈنگ کارڈ کے حامل مسافروں کو اشیا خورونوش فراہم کی جائیں۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا تمام عملہ گزشتہ تین دن سے لگاتار ایئرپورٹ پر ہی مسافروں کا خیال رکھنے کے لیے موجود ہے، سی ای او پی آئی اے ارشد ملک ذاتی طور پر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے ہدایات جاری کی ہیں کہ مسافروں کے خیال میں کسی قسم کی کمی نہ برتی جائے۔