سائبیرین ہوائیں ٗ کراچی میں فلو وائرس پھیل گیا

January 13, 2020 1:30 pm0 commentsViews: 2

شہر کے اسپتالوں میں یومیہ سیکڑوں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں ٗ نزلہ زکان اور کھانسی کے عام امراض بھی بڑھ گئے
مناسب علاج نہ کیا جائے تو یہ مریض کیلئے مہلک ثابت ہوسکتے ہیں ٗ ماہرین صحت
کراچی( نیوز ڈیسک) سائبیرین ہوائیں چلنے سے شہر میں نزلہ‘ زکام‘ کھانسی اور سینے کے عام امراض کیساتھ فلو وائرس بھی پھیلنے لگا ہے اور اسپتالوں میں فلو وائرس کے یومیہ سیکڑوں کیس رپورٹ ہورہے ہیں۔ دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں بارش کی پیشگوئی کی ہے جس کے نتیجے میں کم از کم درجہ حرارت6سے9ڈگری اور زیادہ سے زیادہ20 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار سہ پہر اور رات شہر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہونے سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت6 ڈگری سینٹی گریڈ سے8ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا اور تیز ہوائیں چلنے سے سردی کی شودت زیادہ محسوس ہوگی۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شہر میں سردی کی شدت مسلسل برقرار رہنے اور برفانی ہوائیں چلنے سے گلے اور سینے کے عام امراض کے ساتھ فلو وائرس کے کیس بھی رپورٹ ہونے لگے ہیں۔ پی ایم اے کے سیکریٹری جنرل و ماہرین امراض کان‘ ناک‘ حلق ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ یہ مرض انفلوائنز ا وائرس سے لاحق ہوتا ہے۔ اس کی علامات میں گلے کی سوزش‘ فلو‘ سر درد ‘ جسم درد‘ بلغمی کھانسی اور نظام تنفس کے اوپری حصے کا انفیکشن شامل ہے۔ اس میں اہم بات یہ ہے کہ اگر ان علامات کا مناسب علاج نہ کیا جائے تو اس سے نظام تنفس کے نچلے حصے کے انفیکشن ‘ سانس کی نالیوں کی سوش‘ پھیپھڑوں کا انفیکشن اور آخر کار نمونیہ ہوسکتا ہے جو مریض کیلئے مہلک ثابت ہوسکتا ہے۔