کپڑے کے تاجر کے قتل پر کاروباری حلقوں میں تشویش

January 14, 2020 2:13 pm0 commentsViews: 1

عمران کھتری کے قاتلوں کو گرفتار کرکے منظر عام پر لایا جائے اور سخت سزا دی جائے، ایس ایم عالم
تاجروں کو تحفظ فراہم کرنا انتظامیہ اور حکومت کی ذمہ داری ہے، چیئرمین اولڈ سٹی تاجر اتحاد
کراچی (کامرس رپورٹر) کراچی کے علاقے سرجانی ٹائون میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کپڑے کے تاجر کے قتل پر کراچی کی تاجر برادری میں بھی تشویش پھیل گئی، کپڑ ے کی تجارت کے حوالے سے ملک کے سب سے بڑے کاروباری مرکز کے سربراہ اولڈ سٹی تاجر اتحاد کے چیئرمین ایس ایم عالم نے تاجر کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے بیرون شہر سے آنے والے کپڑے کے تاجروں کو لوٹا جاتا تھا اب ان کے قتل کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایم عالم نے کہاکہ سرجانی میں قتل ہونے والے کپڑے کے تاجر عمران کھتری کے قاتلوں کا سراغ لگا کر انہیں سزا نہ دی گئی تو تاجر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تاجروں کو تحفظ فراہم کرنا انتظامیہ اور حکومت کی ذمہ داری ہے، انہوں نے وزیراعظم عمران خان، گورنر سندھ عمران اسماعیل، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ تاجروں کو تحفظ فراہم کریں اور کپڑے کے تاجر عمران کھتری کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے انہیں منظرعام پر لایا جائے اور کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔