محکمہ موسمیات نے 22 جنوری تک سردی کی نوید سنادی

January 14, 2020 2:15 pm0 commentsViews: 15

کراچی میں بارش دینے والا سلسلہ شمالی علاقوں کی جانب منتقل ہوگیا، مزید بارش کا امکان نہیں
سرد ہوائوں کے دوران پارہ 6 سے 7 ڈگری تک گرنے کی توقع ہے، ترجمان محکمہ موسمیات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں بارش برسانے والا سلسلہ شمالی علاقوں کی جانب منتقل ہو گیا، مزید بارش ہونے کا امکان نہیں ہے، سردی کی موجودہ لہر 22 جنوری تک برقرار رہ سکتی ہے، سرد ہوائوں کے دوران پارہ 6 سے 7 ڈگری تک گرنے کی توقع ہے۔ پیر کو کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری رہا، سائبیرین ہوائوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 25 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی، پیر کو شہر کا مطلع مکمل طور پر صاف رہا جس کے سبب دن کے وقت خشک ہوائیں چلیں، تاہم سردی کی شدت زیادہ محسوس نہیں کی گئی، پیر کو سائبیرین ہوائوں کی رفتار بھی گزشتہ دنوں کے مقابلے میں معتدل رہی محکمہ موسمیات کے مطابق ہوائوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 25 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی، پیر کو شہر کا کم سے درجہ حرارت 12 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، ترجمان محکمہ موسمیات میٹرولوجسٹ انجم نذیر کے مطابق سردی کی موجودہ لہر 22 فروری تک برقرار رہ سکتی ہے جس کے دوران پارہ غیر معمولی طور پر 6 سے 7 ڈگری تک آنے کا امکان ہے، ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں میں ہوائوں کی رفتار میں کمی واقع ہوگی سردی کی شدت برقرار رہے گی، محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد جبکہ شام کے وقت 32 فیصد رہا، آج منگل کو شہر کا موسم دن کے وقت خشک جبکہ رات کے وقت سرد رہنے کی توقع ہے۔ آج کم سے کم پارہ 9 سے 11 ڈگری کے درمیان رہنے جبکہ صبح کے وقت دھند کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔