کراچی میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان

January 16, 2020 12:23 pm0 commentsViews: 4

آئندہ 24 سے 36 گھنٹے کے دوران شہر کا پارہ 6 ڈگری تک گر سکتا ہے، محکمہ موسمیات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد گزشتہ کئی روز سے سردی کی لپیٹ میں ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اگلے 24 سے 36 گھنٹے کے دوران شہر کا پارہ مزید گرنے کی توقع ہے، بدھ کو شہر کا موسم صبح کے وقت خنک رہا جبکہ سائیبیرین ہوائوں کی رفتار بھی 30 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی جس کے سبب درجہ حرارت میں گزشتہ روز کے مقابلے میں 2 ڈگری کمی کے باوجود سردی محسوس کی گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو شہر کا کم سے کم پارہ 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21.7 ڈگری رہا، محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعرات کو شہر کا موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے۔ ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 سے 36 گھنٹے کے دوران شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کا امکان ہے جس کے دوران پارہ 6 ڈگری تک گر سکتا ہے۔