٭ ہائی روف میں آتشزدگی ٭ جھلسنے والا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، ہلاکتیں 10 ہو گئیں

January 17, 2020 1:35 pm0 commentsViews: 11

متوفی رکشہ ڈرائیور تھا، حادثے میں اس کی بیٹی اور بیٹا پہلے ہی جاں بحق ہوچکے ہیں
کراچی (کرائم رپورٹر) نیوکراچی 2 منٹ چورنگی کے قریب ہائی روف آتشزدگی میں ایک اور زخمی شخص بھی دم توڑ گیا جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق نیو کراچی کے علاقے دومنٹ چورنگی کے قریب گزشتہ روز ہائی روف اور رکشہ کے درمیان تصادم کے دوران ہائی روف میں لگنے والی خطرناک آتشزدگی کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد زندہ جل کر جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا تھا جہاں پر دوران علاج ایک اور زخمی شخص 40 سالہ جمال ولد ضمیر نے دم توڑ دیا۔ المناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی جبکہ حادثے کے روز متوفی کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا پہلے ہی زندہ جل کر فوت ہو چکے ہیں، تاہم متوفی رکشہ ڈرائیور اور متوفی کی نماز جنازہ آج دوپہر بعد نماز جمعہ سرجانی سیکٹر 51 میں ادا کرکے مقامی قبرستان میں تدفین کی جائے گی۔