آٹے کی قیمت 64 سے بڑھ کر70 روپے فی کلوہوگئی

January 17, 2020 2:43 pm0 commentsViews: 6

لاہور: آٹے کی قیمت 64 روپے سے بڑھ کر70 روپے فی کلوہوگئی ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطباق پنجاب میں چکی مالکان نے آٹے کی قیمت میں چھ روپے فی کلواضافہ کردیا جس کے بعد قیمت 64 روپے سے بڑھ کر70 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ چکی مالکان نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کا اطلاق آج سے کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے چکی اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے چکی مالکان کو کوئی ریلیف نہیں دیا۔ حکومت اگر فلور ملز کی طرح سبسڈی دے گی تو قیمت کم کردیں گے۔

پنجاب کے بعد کراچی میں بھی چکی کا آٹا 2 روپے کلو مزید مہنگا کردیا گیا جس کے بعدچکی کا آٹا 66روپے میں فروخت ہونے لگا۔ رواں ہفتے پہلے چکی کا آٹا 60 سے بڑھ کر 64 ہوا تھا۔ چکی مالکان کا کہنا ہے کہ چند دنوں میں چکی کا آٹا 68 سے 70 روپے فی کلو تک جا سکتا ہے۔

اوپن مارکیٹ میں بھی 100 کلو گندم کی بوری 700 روپے تک مہنگی کردی گئی۔ ڈیلر اوپن مارکیٹ کے مطابق آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 4800 سے بڑھ کر5500روپے تک جاپہنچی جب کہ چکی مالکان کو گندم کی 100کلو بوری5600 روپے تک فروخت ہونے لگی۔

واضح رہے کہ ایک سال میں آٹے کی قیمت میں چوتھی مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔