٭ ضلع سینٹرل اور ایسٹ میں ٭ پولیس سرپرستی میںشادی ہال رات گئے تک کھلے رہنے لگے

January 23, 2020 1:01 pm0 commentsViews: 7

ایڈیشنل آئی جی کے احکامات نظر انداز‘رات دیر تک کھلنے کی وجہ سے شہریوں سے لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ
تجاوزات کیخلاف کارروائیاںبھی نمائشی ثابت ہوئیں، صاف کرائے گئے علاقوں میں پھر ٹھیلے اور پتھارے قائم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی کے احکامات صرف بیانات تک محدود ہوکر رہ گئے۔ شادی ہال رات 12 بجے تک لازمی بند کرانے کی ہدایات کے باوجود ضلع سینٹرل اور ایسٹ میں قائم شادی ہال رات گئے تک کھلے ہوتے ہیں اور مبینہ طور پر ان کو پولیس کی سرپرستی حاصل ہے۔جبکہ رات گئے تک شادی ہال کھلے ہونے کے باعث واپس جانے والے شہریوں سے لوٹ مارکی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔اسی طرح ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے ہدایات دی گئی تھیں کہ جہاں بھی کوئی مکان تعمیر ہو وہاں پولیس پیسے لینے نہ پہنچے بصورت دیگر ایسے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی لیکن ان ہدایات کا اثر پولیس افسران نے نہیں لیا اور آج بھی شہر میں جہاں مکان تعمیر ہوتا ہے وہاں پولیس موبائل پہنچ جاتی ہے۔ دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے ہر تھانیدار کو ہدایت دی گئی تھی کہ ان کی حدود میں کوئی پتھارا قائم نہ ہو لیکن پولیس کی جانب سے وقتی کارروائی کی جاتی ہے بعد ازاں ان مقامات پر پھر سے ٹھیلے یا پتھارے قائم ہورہے ہیں۔