رات گئے ٗ سرجانی سے ڈاکو 10بھینسیں شہزور ٹرک میں ڈال کر لے گئے

January 23, 2020 1:01 pm0 commentsViews: 7

باڑے میں کام کرنیوالے اور مالک کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنالیا گیا تھا ٗ موبائل فونز اور نقدی بھی لوٹ لی گئی
شیر شاہ کے علاقے محمد ی روڈ پر موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے گھر کے باہر بیٹھے 3دوستوں کو لوٹ لیا اور فرار ہوگئے
کراچی (کرائم رپورٹر) رات گئے سرجانی میں ڈاکوئوں کی بھینسوں کے باڑے میں 2 گھنٹے تک لوٹ مار، ڈاکو 10 بھینسوں کو شہزور میں ڈال کر لے گئے۔ شیرشاہ میں 3 دوستوں کو گھر کے باہر لوٹ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی کے علاقے بھینس کالونی کے قریب ڈاکوئوں نے باڑے میں کام کرنے والے 7 گوالوں اور باڑے کے مالک کو یرغمال بنا کر موبائل فون، نقدی لوٹنے کے بعد جاتے جاتے 10 بھینسوں کو شہزور ٹرک میں ڈال کر باآسانی فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ واضح رہے کہ مذکورہ بھینسوں کے باڑے سے چند قدم کے فاصلے پر پولیس چوکی بھی قائم ہے اور جب چوکی پر پولیس کو اطلاع دی گئی تو پولیس اہلکار چوکی کا گیٹ بند کرکے سکون کی نیند سوتے رہے۔ ادھر شیرشاہ کے علاقے محمدی روڈ گلی نمبر 4 میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے گھر کے باہر بیٹھے 3 دوستوں کو یرغمال بنا کر موبائل فون اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شیرشاہ میں ڈاکوئوں کی لوٹ مار معمول بن چکا ہے۔