آٹا بحران لوٹ مار کے عادی افراد پیدا کرتے ہیں سندھ ہائیکورٹ

January 23, 2020 1:01 pm0 commentsViews:

مختلف اضلاع سے گندم چوری کے ریفرنس میں ملوث ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت
آٹا مافیا کے لوگ بڑی شخصیات کی ایما پربحران کا فائدہ اُٹھاتے ہیں،چیف جسٹس کے ریمارکس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمدعلی ایم شیخ نے آٹے کے بحران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں آٹے کا بحران لوٹ مار کے عادی افراد کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے۔بدھ کوسندھ ہائی کورٹ میں سندھ کے مختلف اضلاع سے گندم چوری کے ریفرنس میں ملوث ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے ریمارکس دیئے کہ ملک میں آٹے کا بحران ان افراد کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے جو لوٹ مار کے عادی ہیں،ایسے لوگ ہی بڑی شخصیات کی ایما پربحران کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔چیف جسٹس کا اپنے ریمارکس میں ملزمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب پیٹ بھرا کہ نہیں؟شکل کو سامنے لائو، بعد ازاں عدالت نے ملزم انیس الرحمان، موہن لعل، ابراہیم تھیم اور دیگر کی درخواست ضمانت کا معاملہ سکھر بینچ کو منتقل کردیا ہے۔اس سے قبل نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سندھ کے مختلف اضلاع سے گندم چوری کا ریفرنس دائر کردیا ہے،ملزمان نے گوداموں سے گندم چوری کرکے مارکیٹ میں فروخت کردی تھی۔