وفاق سمیت صوبائی وشہری حکومتیں بھی نااہل ہیں مصطفی کمال

January 23, 2020 1:14 pm0 commentsViews: 1

وزیراعظم ہر بات میں جھوٹ بولتے ہیں اور یو ٹرن لیتے ہیں،یہ ملک کیلئے اچھا نہیں
سندھ کا برا حال ہے کوئی کام بغیر پیسے کے نہیں ہوتا،پی ایس پی چیئرمین کی پریس کانفرنس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہاہے کہ وزیراعظم ہر بات میں جھوٹ بولتے ہیں اور یو ٹرن لیتے ہیں،یہ ملک کیلئے اچھا نہیں ہے، وفاقی،صوبائی اور شہری حکومتیں تمام کی تمام نااہل ہے، یہاں مسائل کے حل سے زیادہ آئی جی کی تبدیلی اور آٹے کے بحران کا شور ہے، کوئی بتائے گا کہ یہاں کیسی جمہوریت ہے۔ پاکستان ہائوس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کن لوگوں کے ہاتھوں میں پاکستان ہے، سندھ حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے، سندھ کا برا حال ہے کوئی کام بغیر پیسے کے نہیں ہوتا، ایک وفاقی وزیر کراچی صاف کرنے نکلے تھے، صرف ٹوئٹرپرصفائی کی اور چلتے بنے ۔انہوں نے کہا کہ اسد عمر نے کہا کہ وہ سندھ کے بلدیات کے قانون کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔مصطفی کمال نے کہاکہ جب کے پی اور پنجاب نے بلدیاتی نظام بنایا تو کیا سندھ سے مشاورت کی؟ وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی نے کہاکہ وزیراعظم کراچی کو 162 ارب روپے دینے کی بات کرتے ہیں، لیکن وزیراعلیٰ سے بات ہی نہیں کررہیتو بہتری کیسے ہوگی،ساتھ ہی انہوں نے وفاق کو آئی جی سندھ کی تبدیلی میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا مشورہ دیااورکہاکہ وفاقی کو آئی جی سندھ کی تبدیلی میں رکاوٹ نہیں ڈالنا چاہئے، اگرسندھ حکومت اس آئی جی کی تبدیلی چاہتی ہے توتبدیل ہونا چاہیے۔