رہائشی مکانات کو کمرشل کرنیوالے مالکان کیخلا ف کریک ڈائون شروع

January 23, 2020 1:43 pm0 commentsViews: 11

پہلے مرحلے میں کراچی سمیت صوبہ بھر میں راتوں رات کروڑ پتی بننے کے خواب دیکھنے والے 200سے زائد رہائشی مکانات کو کمرشل کرنے ٗ نقشہ اور لے آئوٹ پلان کو تبدیل کرنیوالے مالکان کو نوٹس جاری کردئیے
ڈپٹی رجسٹرار نوید عباسی کو کارروائی کا خصوصی ٹاسک دیدیا گیا ٗ صوبے میں مزید 1000سے زائد سوسائٹیز کی بھی چھان بین شروع کردی گئی ٗ تحقیقاتی کمیٹی مقرر کرکے صورتحال کا جائزہ لے کر رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ کو آپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز میں رہائشی مکانات کو کمرشل کرنے‘ نقشہ اور لے آئوٹ پلان کو تبدیل کرنے والے200 سے زائد مالکان کو نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔ ڈپٹی رجسٹرار نوید عباسی کی سربراہی میں مزید ایک ہزار سے زائد سوسائٹیز کیخلاف تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا جبکہ ادارے میں سندھ پبلک سروس کمیشن پاس کرنے والے9 اسسٹنٹ رجسٹرار کی ٹریننگ بھی شروع کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت صوبہ بھر میں رہائشی مالکان نے اپنے گھروں کا رہائشی نقشہ تبدیل کرکے انہیں کمرشل کرکے راتوں رات کروڑ پتی بننے کے خواب دیکھنے والے مالک مکان کیخلاف کریک ڈائون شروع کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں200 سے زائد مکانات کو نوٹس جاری کردیئے ہیں مزید صوبہ بھر میں ایک ہزار سے زائد سوسائٹیز کی بھی چھان بین شروع کردی گئی ہے اس مقصد کیلئے ڈپٹی رجسٹرار نوید عباسی کو کارروائی کا خصوصی ٹاسک دے دیا گیا اور انہیں ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ اس ضمن میں تحقیقاتی کمیٹی مقرر کریں صورتحال کا جائزہ لے کر ادارے کو رپورٹ فراہم کرے‘ ادھر اس ضمن میں ایک ہنگامی اجلاس سیکریٹری کو آپریٹو سوسائٹی محمد اختر بھرگڑی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں رجسٹرار سہیل انور بلوچ اور نعمان نامی افسر سمیت متعدد افسران نے شرکت کرکے سیکریٹری کو تفصیلی بریفنگ بھی دی ہے۔