آسکر ایوارڈ کا میلہ: پیرا سائٹ نے بہترین فلم کا ایوارڈ جیت لیا

February 11, 2020 12:51 pm0 commentsViews: 38

فلم جوکر کے مرکزی کردار جوکوئین فیونکس بہترین اداکار، اداکارہ رینی زیلو بہترین اداکارہ
براڈپٹ کو بہترین سپورٹنگ ایکٹر کا ایوارڈ ملا، تقریب 200 ممالک میں براہ راست دیکھی گئی
لاس اینجلس (نیٹ نیوز) 92 واں آسکر ایوارڈ کا میلہ ہالی ووڈ میں سج گیا، بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فیورٹ قرار دی جانے والی فلم جوکر کے مرکزی اداکار جوکوئین فیونکس نے جیتا جبکہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فلم جیوڈی میں مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ رینی ذیلویگر کے نام رہا، براڈپٹ کو بہترین سپورٹنگ ایکٹر کا ایوارڈ ملا تو بہترین سپورٹنگ ایکٹرس کا ایوارڈ فلم میرج اسٹوری کی اداکارہ لورا ڈیم نے جیت لیا۔ کہنے کو تو آسکرز ایوارڈز میں سب سے زیادہ 11 نامزدگیاں فلم جوکر کی تھیں لیکن فلم پیراسائٹ بہترین فلم کا ایوارڈ جیتنے کے ساتھ سب سے زیادہ ایوارڈ جیتنے والی فلم بن گئی جبکہ فلم جوکر اور 1917ء نے بھی تین تین ایوارڈ اپنے نام کیے۔ آسکر ایوارڈ کا رنگا رنگ میلہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں سجایا گیا۔ ڈولبی تھیٹر میں ہونے والے 92 ویں آسکرز کی تقریب 2 سو سے زائد ممالک میں براہ راست دیکھی گئی۔ جہاں ایوارڈ شو میں فلم نگر کے معروف ستارے خوبصورت لباس میں شریک ہوئے وہیں دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین بھی کسی سے پیچھے نہ تھے۔ ریڈ کارپٹ پر پہنچنے والے فنکاروں کا استقبال بہت شاندار انداز میں کیا گیا تھا، جونہی کوئی سلیبرٹی ریڈ کارپٹ پر پہنچتی تو اس کا بھرپور استقبال کیا جاتا، ریڈ کارپٹ سے ہوتے ہوئے ہالی ووڈ کے معروف فنکار جب ڈولبی تھیٹر کے خوبصورت ہال میں اکٹھے ہوئے فنکاروں کی کہکشاں نے ایونٹ کو چار چاند لگا دیے۔