187 تھانوں کی تعمیر اور تزئین و آرائش کا کام مکمل ہوگیا آئی جی سندھ

February 11, 2020 1:14 pm0 commentsViews: 8

مزید 111 میں بہتری لائی جائے گی، آئی جی سمیت تمام افسران قواعد کے پابند ہیں
ایڈیشنل آئی جی کو تبادلوں اور تقرریوں کے مکمل اختیارات حاصل ہیں، ظہرانے سے خطاب
کراچی(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل سندھ پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ 187تھانوں کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کا کام مکمل ہوچکا ہے مزید 111میں بہتری لائی جائے گی، آئی جی سمیت تمام افسران قواعد کے پابندہیں، ایڈیشنل آئی جی کو تبادلوں اور تقرریوں کے مکمل اختیارات حاصل ہیں، آئی جی بھی ان کے کام میں مداخلت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، سینیٹر عبدالحسیب خان، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان ندیم خان، دانش خان، سینئر نائب صدر اکرام راجپوت اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ قبل ازیں کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان نے آئی جی سندھ کو کورنگی صنعتی علاقے کی معاشی اہمیت اور پیداواری صلاحیت سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کی قیادت میں پولیس کی بہترین کارکردگی سے کراچی میں امن و امان کی فضا میں بہتری سے معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے، اس کے لیے ہم ڈاکٹر کلیم امام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ سینیٹر عبدالحسیب خان کا کہنا تھا کہ آئی جی پولیس کلیم امام کی غیر معمولی کارکردگی کی وجہ سے آج ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ زبیر چھایا نے کہا کہ آئی جی سندھ نے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ صنعتی ملازمین کی تصدیق کے لیے کاٹی میں قائم ہونے والے ڈیسک پر بھی سہولت فراہم کی جائے۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر ندیم خان کا کہنا تھا کہ ٹریفک کے نظام میں بہتری کے لیے رکشہ ڈرائیوروں کو قوانین کی پابندی کرنے کی ضرورت ہے۔ دانش خان نے کہا کہ موٹر سائیکلوں کی بہتات سے پیدا ہونے والے ٹریفک کے مسائل پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بعدازاں آئی جی سندھ نے کاٹی میں قائم ہونے والے پولیس کے اسپیشل ڈیسک کا افتتاح بھی کیا۔ تقریب میں کاٹی کے سابق صدور زاہد سعید، گلزار فیروز، اکبر فاروقی، احتشام الدین، فرحان الرحمٰن،ایس ایم یحییٰ، طارق ملک، نائب صدر سید واجد حسین، ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی، ایس ایس پی کورنگی فیصل چاچڑ اور دیگر پولیس افسران اور کاٹی کے ممبران نے بھی شرکت کی۔