جرائم پر قابو پانے کے لئے پولیس کی دکانداروں کو کیمرے لگانے کی ہدایت

February 12, 2020 2:04 pm0 commentsViews: 12

سڑک کی جانب رخ کرکے کم از کم ایک کیمرہ ضرور لگایا جائے
وارداتوں کو ریکارڈ کیا جاسکے گا، تحریری نوٹس جاری
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی پولیس نے شہر میں جرائم پر قابو پانے کے لیے شہریوں سے مدد مانگ لی، شہر بھر کی مرکزی شاہراہوں اور عوامی مقامات پر واقع دکانوں، شاپنگ مال، ریسٹورنٹس، رہائشی عمارتوں اور پیٹرول پمپس مالکان کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ سڑک کی جانب رُخ کرکے کم ازکم ایک سی سی ٹی وی کیمرہ ضرور نصب کریں، سی سی ٹی وی کیمرہ پانچ میگا پکسل اور رات میں دیکھنے کی صلاحیت (نائٹ وژن) کا حامل ہونا چاہیے، اس سے نہ صرف سڑکوں پر کیمروں کے ذریعے فرار ہونے والے ملزمان کی فوٹیج دستیاب ہوں گی بلکہ سڑکوں پر ہونے والے جرائم اور خصوصاً اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بھی ریکارڈ ہوسکیں گی جن کے ذریعے ملزمان کی گرفتاری جلد یقینی بنائی جائے گی۔ کیمرہ نہ لگانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ بعد میں ان تمام کیمروں کو سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت ضم کر دیا جائے گا، شہر بھر کے کئی ایسے دکانداروں جن کی دکانیں مرکزی شاہراہوں پر قائم ہیں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے باقاعدہ تحریری طور پر نوٹس وصول کرایا گیا ہے جس میں انہیں حکم دیا گیا ہے کہ وہ نوٹس ملنے کے بعد ایک ہفتے کے اندر اندر ایک ایسا سی سی ٹی وی کیمرہ ضرور لگائیں۔