صبح سویرے ٗ فلیٹ میں آتشزدگی ٗ باپ بیٹے ٗ رشتہ دار جاں بحق

February 14, 2020 11:57 am0 commentsViews: 6

سکھر ٗ غریب آباد میں 4منزلہ رہائشی عمارت کی پہلی منزل کے فلیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ٗ کپڑے کی دکان پر لگنے والی آگ نے بالائی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ٗ عینی شاہدین
متوفین با پ بیٹو ں کی نماز جنازہ آج سکھر میں ادا کی جائیگی ٗ متوفی احسن علی کو کراچی میں سپر د خاک کیا جائیگا ٗ احسن علی کراچی سے سکھر امتحانی پیپر دینے گیا تھا ٗ پولیس
کراچی (کرائم رپورٹر) صبح سویرے سکھر کے علاقے غریب آباد کے فلیٹ میں خوفناک آتشزدگی، باپ 2 معصوم بیٹوں اور کراچی سے امتحانی پیپر دینے کے لیے آنے والے عزیز سمیت دم گھٹنے سے جاں بحق، باپ بیٹوں کی نماز جنازہ بکھر جبکہ طالب علم کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ کے علاقے سکھر کے شہر غریب آباد بہڑی چوک کے قریب 4 منزلہ رہائشی عمارت کی پہلی منزل کے فلیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے فلیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑی اور ایدھی کے رضاکار سمیت پولیس کی بھاری نفری بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے، فائر بریگیڈ کے عملے نے مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا جبکہ مذکورہ فلیٹ میں خوفناک دھواں بھرنے سے 4 افراد جاں بحق اور ایک خاتون بے ہوش ہوگئی۔ متوفین کی لاشوں اور متاثرہ خاتون کو فوری طور پر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سکھر کے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر متوفین کی لاشوں کی شناخت 40 سالہ محمد جاوید ولد عبدالرحمن اور اس کے 2 معصوم بچے 6 سالہ محمد علیان ولد محمد جاوید، 4 سالہ احمد عمر ولد محمد جاوید جبکہ کراچی سے امتحانی پیپر دینے کے لیے آنے والا عزیز 24 سالہ احسن علی ولد مسرور کے ناموں سے ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق متوفین باپ بیٹوں کی نماز جنازہ آج سکھر غریب آباد میں جبکہ متوفی احسن علی کی نماز جنازہ اور تدفین کراچی میں کی جائے گی۔ متوفی احسن علی مہمان اور کراچی سے سکھر امتحانی پیپر دینے گیا تھا اور چاروں افراد کی ہلاکت آتشزدگی کے دوران فلیٹ میں دھواں بھرنے کے باعث واقع ہوئی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مذکورہ 4 منزلہ رہائشی عمارت کے نیچے کپڑے کی دکان تھی جس میں لگنے والی آگ نے بالائی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔