ٹرمپ کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش پر عملدرآمد چاہتے ہیں، پاکستان

February 14, 2020 12:07 pm0 commentsViews: 2

کشمیر کے دنیا سے رابطے بدستور منقطع ، پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، دفتر خارجہ
احسان اللہ احسان کی ترکی میں مبینہ موجودگی کے حوالے سے معاملے کووزارت داخلہ دیکھ رہی ہے، ترجمان عائشہ فاروقی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہاہے کہ امریکی صدر نے ایک سے زائد مرتبہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کی اور ہم اس پر عملدرآمد چاہتے ہیں،بھارتی اقدامات خطے میں امن و سلامتی کے مسائل پیدا کر رہے ہیں، کشمیر کے دنیا سے رابطے بدستور منقطع ہیں، پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان اپنی ذمہ داریاں ہوری کر رہا ہے،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 16 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے،ویانا میں عالمی نیوکلیئر سیکورٹی کے حوالے سے کانفرنس منعقد کر رہی ہے،پاکستان بھی اس کانفرنس میں شرکت کرے گا،احسان اللہ احسان کی ترکی میں مبینہ موجودگی کے حوالے سے معاملے کووزارت داخلہ دیکھ رہی ہے۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ لاک ڈائون کے 193 ویں روز مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے،بھارت مسلسل 2003 کے جنگ بندی انتظامات کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حالیہ ایل اور سی کی بھارتی خلاف ورزیوں میں ایک شہادت ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی سفارتی حکام کو بلا کر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ انہوںنے کہاکہ ہم بارہا عالمی برادری کو بھارت کی جانب سے کسی بھی متوقع فالس فلیگ آپریشن کی تنبیہ کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان اپنی ذمہ داریاں ہوری کر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ترک صدر رجب طیپ اردوان اسلام آباد کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں،دورے میں ان کے ہمراہ متعدد اراکین پارلیمان اور سرمایہ کار شامل ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ترک صدر اردوان (آج) جمعہ 14 فروری کو پارلیمانی اجلاس سے خطاب کریں گے،وہ دورے کے دوران صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے۔