پولیس میں تصدیق کے عمل کو سینٹرلائزڈ کردیا ہے، آئی جی سندھ

February 14, 2020 1:16 pm0 commentsViews: 15

تصدیق کے عمل میں میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھ کر ایک ہفتے تا 15 روز میں مکمل کرلیا جائے گا
ویری فکیشن عمل سے وابستہ افراد کو موٹر سائیکلیں الاٹ کردی گئی ہیں، کیماڑی میں پولیس کی عمارت کا افتتاح
کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے جمعرات کو کیماڑی میں اسپیشل برانچ سندھ پولیس کی عمارت کا افتتاح کیا۔ایڈیشنل آئی جی،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ اور ایس پی سیکیورٹی اسپیشل برانچ بھی موجود تھے۔ڈی آئی جی اسپیشل برانچ نے متعلقہ محکمے کے تحت مختلف امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پرسن ویری فیکیشن عمل کو سینٹرلائزڈ کردیا گیا ہے۔مختلف ویری فیکیشن سے متعلق عوام کو درپیش مسائل کو ختم کیا جارہا ہے۔پرسن یا دیگر تصدیقی عمل اب ون ونڈو آپریشن کے تحت ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ تصدیق کا عمل ایک ہفتے تا پندرہ دنوں کے اندر لازماً مکمل کرلیا جائیگا۔اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ تصدیق کے عمل میں میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے اور شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی میں مبتلا نہ کیا جائے۔ویری فیکیشن کے جملہ امور کو تیز ترین،شفاف اورغیرجانبدارانہ بنایا جائے۔ون ونڈو آپریشن کے ضمن میں ایس پی سیکیورٹی اسپیشل برانچ کی پوسٹنگ اسی عمارت میں رکھی جائے۔ویری فیکشن عمل سے وابستہ افسران کو موٹرسائیکلیں آلاٹ کردی گئیں ہیں۔مختلف نوعیت کی ویری فیکشن پر مامور اسٹاف کو دیگر کوئی ذمہ داری نہیں دی جائیگی۔