ضلعی اور یونین کمیٹی انتظامیہ نے لائنز ایریا کو کھنڈر بنادیا

February 14, 2020 1:21 pm0 commentsViews: 8

پانی اور گیس کی لائنیں توڑ دیں، علاقہ مکین اذیت کا شکار
ٹیونیشیا لائن کی تینوں ذیلی سڑکوں کی کھدائی کے دوران تمام لائنیں توڑ دی گئیں، امام بارگاہ سے اللہ والی مسجد تک علاقہ شدید متاثر ہے
گیس کی لائنیں ٹوٹنے سے علاقہ مکینوں کو کھانا پکانے میں دشواری کا سامنا، ہوٹلوں سے کھانا خریدنے پر مجبور ہوگئے، لائنیں فوری بحال کرنے کا مطالبہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلعی اور یونین کمیٹی انتظامیہ نے لائنزایریا کے علاقے ٹونیشیالائن کو کھنڈر بنادیا۔ علاقہ مکینوں کی سہولت کے لئے سیوریج لائن ڈالنے کے باعث مرکزی سڑک سے ملانے والی تینوں ذیلی سڑکوں کو کھود کر گاڑیوں اور پیدال آمدورفت تک بندکردی گئی۔ بلدیاتی انتظامیہ نے تینوں ذیلی سڑکوں پر کھدائی کے دوران درمیان میں آنے والی پانی اور گیس کی پائپ لائنیں تک توڑ ڈالیں۔ علاقے کے سینکڑوں گھروں میں گیس پائپ لائن ٹوٹنے سے علاقہ مکینوں کو کھانا بنانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا جس سے مکین ذہنی کوفت اور اذیت کا شکار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ضلع شرقی کی یونین کمیٹی نمبر 9 جٹ لائن / ٹونیشیا لائن میں سیوریج کے لئے نئی لائنیں ڈالنے کا آغاز کیا گیا جس کے تحت امام بارگاہ سے اللہ والی مسجد تک کھدائی کردی گئی۔ کھدائی کرنے والے مزدوروں نے کھدائی کرکے ملبہ علاقہ مکینوں کے دروازوں پر ڈال کر دروازے تک بند کردیئے تھے جسے بعد ازاں مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹا کر اپنے گھروں کے دروازے کھولے۔ انتظامیہ نے امام بارگاہ سے اللہ والی مسجد تک سڑک کو مکمل کھود دیا جس سے مبارک شہید روڈ سے اندر آنیو الی تین گلیاں امام بارگاہ والی سڑک، مسجد صدیق والی سڑک اور اہلحدیث مسجد والی سڑک پر آمد ورفت متاثر ہوگئی۔ مٹی کے ڈھیر لگنے سے امام بارگاہ سے اللہ والی مسجد سے سڑک گاڑیاں تو درکنار پیدل آمدورفت بھی مشکل بنادی گئی ہے۔ سونے پر کھدائی کے دوران درمیان میں آنے والی گیس اور پانی کی لائنیں بھی توڑ دی گئیں جس سے مکینوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ گیس پائپ لائن ٹوٹنے سے سینکڑوں گھروں میں گیس کی سپلائی منقطع ہوگئی۔ گیس پائپ لائن ٹوٹنے سے قیمتی گیس ضائع ہونے لگی۔ بعد ازاں مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پائپ لائن سے نکل کر ضائع ہونے والی گیس کے ضیاع کو روکا۔ مکینوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ گیس لائن ٹوٹنے پر سوئی گیس انتظامیہ کو شکایت بھی درج کروائی گئی مگر جمعرات کے دن سوئی گیس کی جانب سے عملہ نہیں بھیجا گیا جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں تاحال گیس سے محروم ہیں۔ علاقہ مکینوں کا گیس نہ ہونے کی وجہ سے اپنے گھروں میں کھانا نہ بنانے کی وجہ سے ہوٹلوں سے کھانا خرید پر کھانے پر مجبور ہوئے۔