پی ایس ایل کیلئے شہر کو خوبصورت بنایا جائے گا، چیف سیکریٹری

February 14, 2020 1:25 pm0 commentsViews: 17

واٹر بورڈ ،کے الیکٹرک اور سالڈ مینجمنٹ بورڈ عملے کی موجودگی یقینی بنائے، ممتاز علی شاہ
سندھ سیکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں کمشنر، پی سی بی عہدیداران اور دیگر کی شرکت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت پی ایس ایل 5 سے متعلق اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں پی ایس ایل کے لئے سیکیورٹی، ٹریفک پلان، شہر کی خوبصورتی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر افتخار شالوانی، سیکریٹری داخلہ سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، پی سی بی عہدیداران، رینجرز، کے ایم سی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، ایم ڈی واٹر بورڈ، کے الیکٹرک اور نیشنل اسٹیڈیم کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل 5 کے لئے اس بار بھی شہر کو خوبصورت بنایا جائے گا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کمشنر کی سربراہی میں شہر کو خوبصورت بنایا جائے، واٹر بورڈ ، کے الیکٹرک اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اپنے عملے کی موجودگی کو یقینی بنائے۔ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے صوبائی حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس بار زیادہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آ رہے ہیں۔ کمشنر افتخار شالوانی نے کہا کہ پی ایس ایل کے لئے انتظامات مکمل ہیں، ہم پولیس، رینجرز اور آرمی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا کہ پی ایس ایل کے لئے عالمی معیار کے مطابق سیکیورٹی پلان تیار ہے جبکہ ٹریفک اور پارکنگ کا پلان بھی بنا لیا گیا ہے۔