کلفٹن، کورنگی: ریسٹورنٹ، آئل فیکٹری میں آتشزدگی سے لاکھوں مالیت کا نقصان

February 14, 2020 1:24 pm0 commentsViews: 7

کلفٹن بلاک 5 میں نجی ریسٹورنٹ کا کچن اور اس سے متصل ایریا مکمل جل گیا، فائر بریگیڈ کے عملے نے آدھے گھنٹے کی کوشش کے بعد ہوٹل کو مکمل جلنے سے بچالیا
مرتضیٰ چورنگی کے قریب آئل فیکٹری لگنے والی آگ تیزی سے پھیلنے لگی، شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے، فیکٹری کے عملے نے بھاگ کر اپنی جان بچائی، لاکھوں مالیت کا سامان جل گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کلفٹن میں واقع ریسٹورنٹ میں آگ بھڑک اٹھنے سے بھاری مالیت کا سامان جل گیا جبکہ دوسری جانب کورنگی انڈسٹریل ایریا مرتضیٰ چورنگی کے قریب آئل فیکٹری میں آگ لگ گئی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کلفٹن تھانے کے علاقے کلفٹن بلاک 5 میں واقع نجی ریسٹورنٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور ریسٹورنٹ کے نصف حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسٹورنٹ میں آگ بھڑک اٹھتے ہی ریسٹورنٹ کے عملے نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، اس دوران پولیس اور دیگر ریسکیو ادارے بھی پہنچ گئے، فائر بریگیڈ کے عملے نے تقریباً آدھے گھنٹے کی کوشش کے بعد ریسٹورنٹ میں لگی آگ پر قابو پا لیا اس دوران ریسٹورنٹ کا کچن اور اس سے متصل ایریا مکمل جل گیا، فائر بریگیڈ کے عملے نے ریسٹورنٹ کو مکمل جلنے سے بچا لیا اس دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، فائر بریگیڈ کے مطابق فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کا اندازہ نہیں ہو سکا۔ دریں اثناء کورنگی انڈسٹریل ایریا مرتضیٰ چورنگی کے قریب آئل فیکٹری میں آگ لگ گئی جمعرات کی دوپہر ڈھائی بجے کورنگی انڈسٹریل ایریا مرتضیٰ چورنگی کے قریب آئل فیکٹری کے ایک حصے میں پراسرار طور پر آگ لگی، اس دوران عملے نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی، آگ تیزی سے پھیلنے لگی آگ کا دھواں ایک سے دو کلومیٹر دور سے دیکھا جاسکتا تھا، شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے، فیکٹری کے عملے نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں عملے نے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی، 2 فائر ٹینڈر نے موقع پر پہنچ کر پونے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا فائر بریگیڈ حکام کے مطابق ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، معجزانہ طور پر فیکٹری میں کام کرنے والے تمام ملازمین محفوظ رہے۔