کارپارکنگ سمیت متعدد غیرقانونی تعمیرات منہدم و سربمہر

February 14, 2020 1:29 pm0 commentsViews: 10

ایس بی سی اے کے ڈیمالیشن اسکواڈ کی صدر، لیاقت آباد اور ناظم آباد میں کارروائیاں
کارروائیاں متعلقہ ڈپٹی واسسٹنٹ ڈائریکٹرزاورڈیمالیشن آفیسرز کی زیرنگرانی کی گئیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کی تعمیل میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آشکار داور کی ہدایات پر ڈیمالیشن اسکواڈ نے شہر کے مختلف علاقوں میں استعمال اراضی کے برخلاف، کمرشل، اضافی منزلوں، کار پارکنگ سمیت دیگر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف بھاری مشینری کی مدد سے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں منہدم و سربمہرکر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیمالیشن اسکواڈ نے صدرٹاؤن میں واقع ہاشوسینٹر، گل سینٹر اور ہاشمی سینٹر میں کار پارکنگ کی قانونی جگہ پر غیر قانونی پارٹیشن دیواروں کو منہدم کردیا۔ پلاٹ نمبر 19/2,RB-03 اور پلاٹ نمبر 397,AMپر چوتھی منزل اور پلاٹ نمبر 18,RB-03پر تیسری منزل کی پارٹیشن دیواروں اور آر سی سی کالمز، پلاٹ نمبر 19/2,RB-03 پرتیسری منزل کی سامنے کی جانب آرسی سی چھت، عقبی جانب آرسی سی گالے ، پارٹیشن دیواروں اور پلاٹ نمبر 15/11 پر چوتھی منزل کی آرسی سی چھت کومنہدم کردیا گیا، جبکہ ایس بی سی اے کی جانب سے خطرناک، مخدوش حالت اور نا قابل استعمال قرار دی گئی عمارت واقع پلاٹ نمبر 75,MR-01 پردکانوں کے شٹرز اور دروازے ، پلاٹ نمبر 10/2/2,RB-07پر واقع عمارت کے دروازوں اور کھڑکیوں کو ہٹا دیا گیا۔ لیاقت ٹاؤن میں بھی کارروائی کا سلسلہ جاری رہا، اس دوران ناظم آباد کے علاقے میں پلاٹ نمبر2/2، بلاک 4-A پر دوسری منزل کی آرسی سی چھت و کالمزکو منہدم کر دیا گیا۔ انہدامی کارروائیاں متعلقہ ڈپٹی واسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ڈیمالیشن آفیسرز کی زیر نگرانی عمل میں لائی گئیں۔