کیماڑی کچھی پاڑا ٗ بچوں سے مل کر واپس آنیوالے شخص کو قتل کردیا گیا

February 17, 2020 12:41 pm0 commentsViews: 12

جاوید کی بیوی ناراض ہوکر 5سال سے اکیلے رہ رہی تھی ٗمقتول اپنے بچوں سے ملنے سسرال جایا کرتا تھا
اتوار کے روز بھی ملنے گیا تھا واپس پر نامعلوم ملزمان سر پر گولیاں مار کر فرار ہوگئے ٗ فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کیماڑی کچھی پاڑا میں فیکٹری ملازم کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکسن تھانے کی حدود کیماڑی کچھی پاڑا یعقوب منڈا چوک کے قریب ملزمان کی فائرنگ سے سر پر گولی لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول کی شناخت 36 سالہ جاوید ولد دائود کے نام سے کرلی گئی، مقتول کیماڑی کچھی پاڑا کا رہائشی اور کورنگی میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا، ایس ایچ او جیکسن محمد عدیل نے بتایا کہ 5 سال سے مقتول کی بیوی اس سے ناراض ہو کر اپنے میکے گئی ہوئی ہے اور مقتول کے دو بچے ہیں، مقتول چھٹی والے روز اپنے بچوں سے ملنے اپنے سسرال جایا کرتا تھا اور شبہ ہے کہ مقتول آج بھی اپنے بچوں سے ملنے کے لیے سسرال گیا تھا اور وہاں سے واپس آیا ہے تو اس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول پر جس جگہ فائرنگ کی گئی وہاں سے اس کا سسرال قریب اور اس کا اپنا گھر دور ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ فائرنگ کا واقعہ گھریلو تنازع کا شاخسانہ ہے تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔