پی ایس ایل 5کا جشن منانے کیلئے شہریوں میں زبردست جوش وخروش

February 17, 2020 12:43 pm0 commentsViews: 13

شہر کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا جائیگا ٗ میچز دکھانے کیلئے مختلف علاقوں میں بڑی اسکرین لگانے کے انتظامات کئے جائیں گے ٗ کمشنر کراچی
نیشنل اسٹیڈیم چورنگی پر رنگا رنگ تقریب کا انعقاد ٗ آتش بازی کی گئی ٗ عوام کا جوش وخروش دیدنی تھا ٗ افتخار شلوانی ودیگر کی خصوصی شرکت
کراچی (اے پی پی) کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل5) کے حوالے سے شہریوں میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے، پی ایس ایل کے موقع پر شہر کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا جائے گا پی ایس ایل میچز دکھانے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں بڑی اسکرین لگانے کے انتظامات کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس میں ڈویژنل اسپورٹس کمیٹی کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کرکٹ کمیٹی کا ہیڈ بننے پر ان کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر نے اعلان کیا کہ ایونٹ کے موقع پر شہر کراچی کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر شہر کے اہم چوراہوں، فیملی پارکس اور کھیل کے میدانوں میں بڑی اسکرین پر پی ایس ایل میچز دکھانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ اقبال قاسم نے کہاکہ میری کوشش ہوگی کہ میں پاکستان کرکٹ کو اپنے تجربے سے فائدہ پہنچا سکوں۔ دوسری جانب کراچی انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں پی ایس ایل کا جشن منانے کی تقریبات کا انعقاد کیا، نیشنل اسٹیڈیم چورنگی پر رنگارنگ تقریب میں آتشبازی کی گئی عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا، تقریب میں کمشنر کراچی افتخار شالوانی و دیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔