کراچی: ہلاکتیں 6 ہو گئیں‘ زہریلی گیس کی وجہ تاحال نامعلوم

February 17, 2020 1:14 pm0 commentsViews: 10

کراچی: کیماڑی کے علاقے میں زہریلی گیس پھیلنے سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے جبکہ تاحال گیس پھیلنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی پورٹ سے ملحقہ علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے اور 135 سے زائد افراد متاثر ہیں۔

جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین ، ایک بچہ اور 3 مرد شامل ہیں جبکہ 3 دیگر افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ہلاک شدگان کی شناخت معمار بی بی، یاسمین ، رضوان ، عظیم اختر، احسن اور رابش کے نام سے ہوئی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق سگریٹ پینے والے اور سانس کے مرض کا شکار مرد اس واقعے میں زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

12 گھنٹے سے زائد گزر جانے کے باوجود اس پراسرار گیس کا تاحال پتا نہیں لگایا جا سکا ہے۔ پاک بحریہ کے ماہرین نے بھی واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ نیوی کی ٹیم نے اسپتالوں میں متاثرہ افراد کا معاینہ کیا اور خون کے نمونے لیے جبکہ کیماڑی کے علاقے سے پانی کے نمونے بھی حاصل کیے گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بندرگاہ پر کسی کنٹینر سے گیس کا اخراج ہوا ہے۔ دوسری طرف کراچی پورٹ ٹرسٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ کے اندر کسی جہاز یا کارگو سے کیمیکل یا گیس خارج نہیں ہوئی۔

اُدھر محکمہ صحت سندھ نے اسپتالوں میں ہائی الرٹ کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب کیماڑی مسان چوک اور متصل علاقے میں زہریلی گیس پھیل گئی تھی۔