عمران خان اپنے ارد گرد منافقین کو تلاش کریں‘ چودھری شجاعت

February 19, 2020 3:00 pm0 commentsViews: 13

لاہور: مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی چاپلوسی کرنے والے آج بھی اقتدار میں شامل ہیں۔ لاہور میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عمران خان کی نیک نیتی کی وجہ سے آج انہیں اس منصب تک پہنچایا ہے، عمران خان سیاسی ہیرا پھیری نہیں سیکھے۔ لوگ صحیح اور نیک مشورے کو مخالفت کے زمرے میں پیش کر دیتے ہیں۔

چودھری شجاعت حسین نے عمران خان کومشورہ دیا کے وہ چاپلوسوں اور چغل خوروں سے دور رہیں، اپنے ارد گرد منافقین کی نشاندہی کریں اور نزدیک نہ آنے دیں۔ اپنے اندر خودپسندی نہ آنے دیں۔ اُنہوں نے ماضی میں نواز شریف کو بھی یہی مشورہ دیا تھا جبکہ نوازشریف نے اس کے برعکس کیا۔ اتفاق کی بات یہ ہے کہ اُس وقت نواز شریف کی چاپلوسی کرنے والے آج بھی اقتدار میں شامل ہیں۔

چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو بھی مشورہ دیا تھا کہ طالبان کا لفظ مدرسے کے طالب علم سے جوڑ کراستعمال نہ کریں۔ سب سے کہوں گا کہ اپنے ذاتی مفادات کو چھوڑ کر صرف اور صرف ملک و قوم کی خاطر سوچیں گے تو کامیاب رہیں گے، اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے مجھے مشکل وقت سے نکالا اور مجھے صحت یاب کیا۔