عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی ، ایپ متعارف

March 11, 2020 1:12 pm0 commentsViews: 11

شہری حکومت سگریٹ نوشی کی پابندی کے نفاذ کو یقینی بنائے گی،کمشنر کراچی
شہری تمباکو نوشی کیخلاف شکایات درج کراسکتے ہیں جس پر ایکشن لیا جائیگا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے شہر قائد میں عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کرتے ہوئے موبائل ایپ متعارف کرادی ہے،پیر کے روز اسموک فری ایپ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ شہری حکومت عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کی پابندی کے نفاذ کو یقینی بنائے گی،نیشنل انسٹی ٹیویٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے مطابق ایپ کو متعارف کرانے کا مقصد تمباکو نوشی کے خلاف جاری مہم کی ایک کڑی ہے تاکہ عوام میں شعور اجاگر کیا جاسکے،شہری ایپ کی مدد سے عوامی مقامات پر ہونے والی تمباکو نوشی کے خلاف شکایات درج کراسکتے ہیں جس پر ایکشن لیا جائے گا۔ کمشنر کراچی نے قومی ادارہ صحت کی جانب سے شروع کی جانے والی تمباکونوشی کے خلاف جاری مہم کا جائزہ بھی لیا،قبل ازیں محکمہ ریلوے نے ٹرینوں اور اسٹیشنز پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ انسپکٹر جنرل ریلوے پولیس کا کہنا تھا کہ اسٹیشنز اور سفر کے دوران سگریٹ نوشی پر پابندی کو بہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اگر اس حوالے سے سخت اقدامات بھی اٹھانے پڑے تو گریز نہیں کیا جائے گا، ریلوے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سگریٹ نوشی پر پابندی محکمہ صحت کے آرڈیننس ’انسداد تمباکو 2002کی بنیاد پر لگائی گئی ہے۔