کورونا وائرس پی ایس ایل فائیو کے باقی تینوں میچز ملتوی

March 18, 2020 1:26 pm0 commentsViews: 11

سیمی فائنلز اور فائنل کے نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائیگا ، ترجمان پی سی بی ‘فرنچائز ز کے تحفظات کے بعد میچز ملتوی کئے
دنیا میں ہر جگہ لاک ڈائون ہوگیا ، تقریبات منسوخ ‘پی سی بی کو ایک ہفتے قبل ہی پی ایس ایل ملتوی کر دینا چاہیے تھا ، شعیب اختر
اسلام آباد(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے کرونا وائرس کی بڑھتی وبا اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے واپس جانے کے فیصلے پر پاکستان سپر لیگ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق موجودہ حالات کے پیش نظر پی ایس ایل سیزن فائیو کے باقی تینوں میچز ملتوی کر دیئے گئے ہیں اور نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ شیڈول کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے دونوں سیمی فائنلز منگل اور فائنل بدھ کو کھیلا جانا تھا۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کے اسٹار غیر ملکی کرکٹرز کی وطن واپسی پر فرنچائز کے مالکان نے سیزن فائیو کے باقی میچز کے انعقاد پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام نے جائزہ لیا اور حکومتی مشاورت کے بعد پی ایس ایل کے سیمی فائنل اور فائنل میچز کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ذرائع کے مطابق ایک فرنچائز غیرملکی کھلاڑیوں کی واپسی کے بعد کھیلنے کو تیار نہیں اس لیے ایونٹ ختم کرنے کا فیصلہ پی سی بی اور فرنچائز مالکان کے اجلاس میں کیا گیا ، پی سی بی نے براڈکاسٹرز کو فیصلے سے آگاہ کردیا۔دوسری جانب راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کا کہنا تھا کہ دنیا میں ہر جگہ لاک ڈائون ہو گیا ہے ، تقریبات منسوخ کر دی گئی ہے ، پی سی بی کو ایک ہفتہ پہلے ہی پی ایس ایل کو ملتوی کر دینا چاہتے تھا تاکہ بتایا جا سکے کہ ہم دنیا کیساتھ کھڑے ہیں ۔