گلشن اقبال: کورونا کا مشتبہ مریض پولیس کی آمد سے قبل فرار

March 19, 2020 1:06 pm0 commentsViews: 24

گھر میں آئے ہوئے مہمان میں وائرس کا شک ہونے پر مالک مکان اور اہل محلہ نے پولیس کو بلالیا
پولیس نے فرار ہونے والے شخص محمد علی کو حراست میں لے لیا، وائرس کے شک میں کوئی صداقت نہیں، ایس ایچ او
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن حدید میں ایک گھر میں آئے ہوئے مہمان میں کورونا وائرس کا شک ہونے پر مالک مکان اور اہل محلہ نے پولیس کو بلا لیا، مشتبہ مریض پولیس کی آمد سے قبل فرار ہوگیا۔ ایس ایچ او تھانہ اسٹیل ٹائون شاکر حسین کے مطابق پولیس نے فرار ہونے والے شخص محمد علی کو حراست میں لے لیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اہل محلہ اور گھر کے مالکان کی جانب سے کورونا وائرس کے شک میں کوئی صداقت نہیں۔ محمد علی ایک روز قبل گوادر سے کراچی آیا تھا اور وہ لاڑکانہ کا رہائشی ہے، پولیس کے مطابق محمد علی جلد لاڑکانہ روانہ ہو جائے گا جبکہ پولیس نے اس ڈاکٹر سے بھی رابطہ کیا ہے جس سے محمد علی نے ملاقات کی تھی۔ ڈاکٹر نے بھی محمد علی میں کورونا وائرس نہ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔