ملک بھر کی عدالتوں کو بند نہ کرنے کا فیصلہ

March 21, 2020 12:03 pm0 commentsViews: 8

ہم اپنے جوڈیشل سسٹم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،چیف جسٹس گلزار احمد
عدالتی عملے اور آنے والے تمام افراد کیلئے حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ہو گا‘ اعلامیہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل جوڈیشل پالیسی ساز کمیٹی نے کورونا وائرس کے باعث ملک بھر کی عدالتوں کو بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں جوڈیشل پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ کے جج صاحبان، چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سمیت چاروں صوبائی ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز و معاون خصوصی صحت نے شرکت کی۔ چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال خصوصی توجہ اور عملی اقدامات کا تقاضا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے جوڈیشل سسٹم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان کے عوام کا عدالتوں پر اعتماد اس بات کا متقاضی ہے کہ قانون و انصاف کے دروازے بند نہ کیے جائیں۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ملک بھر میں عدالتی عملے اور آنے والے تمام افراد کیلئے حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ہو گا۔