عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے ٗ ملک بھر میں فوج سڑکوں پر آگئی

March 24, 2020 1:37 pm0 commentsViews: 8

لاک ڈائون پر سختی سے عملدرآمد کرانے کیلئے اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں فوج کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے
پاک فوج ملک کی خدمت اور حفا ظت کرتی رہے گی ٗ پاکستانی قوم کو کوئی نہیں ہرا سکتا ٗ اتحاد یکجہتی سے وباء کو شکست دیں گے ٗ آرمی چیف کی ویڈیو کانفرنس
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد سمیت ملک بھر میں فوج طلب کرلی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد کرنے کے لیے ملک بھر میں فوج کو طلب کیا گیا ہے۔ کرونا وائرس کے خطرات کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں فوج طلب کرلی گئی ہے۔وزارت داخلہ نے اس حوالے سے فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں فوج کو طلب کیا گیا ہے۔فوج کی تعیناتی ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر کی گئی ہے۔چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست پر وزارت داخلہ نے فوج بلانے کی منظوری دی جبکہ سول انتظامیہ کی مدد کے لیے آزاد کشمیر گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں پاک فوج کو طلب کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے پاک فوج سول انتظامیہ کی مدد کے لیے تعینات کردی گئی ہے۔