شہبازشریف کی کورونا پر قومی رہنماؤں سے مشاورت

March 24, 2020 1:48 pm0 commentsViews: 3

قائدین نے اتفاق کیا کہ فوری اور بروقت فیصلوں سے قوم کی جان بچائی جائے
مولانا فضل الرحمن کی آل پارٹیز ویڈیو کانفرنس بلانے کی حمایت ،اعلامیہ جاری
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کورونا وائرس سے پیدا صورتحال کے تناظر میں قومی رہنماؤں سے مشاورت کی ہے۔مسلم لیگ ن کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی آل پارٹیز ویڈیو کانفرنس بلانے کی حمایت کی ہے، جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی اور قومی وطن پارٹی کے قائد آفتاب شیرپاؤ بھی آل پارٹیز ویڈیو کانفرنس بلانے کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان اور اسفندیار ولی نے شہباز شریف کے اقدام کو سراہا۔سیاسی جماعتوں کے قائدین نے اتفاق کیا کہ فوری اور بروقت فیصلوں سے قوم کی جان بچائی جائے۔بلاول بھٹو اور اسفند یار ولی نے شہباز شریف کی وطن واپسی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا جبکہ شہباز شریف نے کورونا سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔شہباز شریف نے کورونا سے نمٹنے کے لئے بروقت فیصلوں پر بلاول بھٹوزرداری کو بھی سراہا۔