کورونا: سندھ میں 399، ملک بھر میں 892 مریض

March 24, 2020 2:55 pm0 commentsViews: 2

کراچی: ملک بھر میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 892 ہوگئی جب کہ سندھ بھر میں یہ تعداد 399 تک جاپہنچی ہے۔ تاحال 6 مریض جاں بحق اور 6 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق حکومتی ویب سائٹ کے اعداد شمار میں بتایا گیا ہے کہ مزید 17 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 892 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 399، پنجاب میں 249، بلوچستان میں 110، گلگت بلتستان میں 80، خیبر پختونخوا میں 38 جب کہ اسلام آباد میں 15 اور آزاد کشمیر میں ایک ہے۔

سرکاری اعداد شمار کے تحت کورونا وائرس سے ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے جب کہ 6 افراد صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔اُدھر وزارت داخلہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں فوج تعینات کردی گئی ہے اور وزارت داخلہ نے وفاق، پنجاب، سندھ، خیبر پختو نخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں فوج تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔