کورونا وائرس طبی آلات سے بھری کارگو فلائٹ کراچی سے یورپ روانہ

March 25, 2020 12:02 pm0 commentsViews: 9

چراغ تلے اندھیرا کے مترادف پاکستانی حکومت یا بیشتر اداروں کو پتہ ہی نہیں‘مبینہ خاموشی سے دنیا کے مختلف ممالک کو سپلائی بھی کیے جا رہے ہیں
100 ٹن سے زائد طبی آلات میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹس کا بڑا ذخیرہ بھی شامل ہے جو مقامی طور پر پاکستان میں تیار کی جارہی ہیں‘ ذرائع
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا کے دیگر 195 ملکوں کی طرح پاکستان بھی اس وقت بین الاقوامی وبائی مرض کورونا وائرس کی زد میں ہے اور یہاں طبی آلات کی شدید قلت محسوس کی جارہی ہے، ایسے میں تین دن کے دوران طبی آلات سے بھرا ایک اور ہوائی جہاز پاکستان سے ہنگامی بنیادوں پر 100 ٹن سے زائد میڈیکل سپلائیز لے کر یورپ کیلئے روانہ ہوگیا ہے۔ طبی آلات کا 106 ٹن بڑا ذخیرہ لے کر 21 مارچ کو بھی ایک فلائٹ اے بی ڈی 5362 کراچی ایئرپورٹ سے شام 7 بجکر 19 منٹ پر یورپی ملک جمہوریہ چیک کے شہر پردوبیس کیلئے روانہ ہوئی تھی۔ اسی ہوائی کمپنی کی پرواز اے ڈی بی 5368 جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی سے منگل کی رات نو بجکر 45 منٹ پر جمہوریہ چیک کے اسی شہر پردوبیس کیلئے اڑان بھر چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق 100 ٹن سے زائد طبی آلات میں مبینہ طور پر کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹس کا بڑا ذخیرہ بھی شامل ہے جو مقامی طور پر پاکستان میں تیار کی جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ’’چراغ تلے اندھیرا کے مترادف‘‘ پاکستانی حکومت یا بیشتر اداروں کو پتہ ہی نہیں کہ پاکستان کے مقامی کارخانوں میں یہ طبی آلات دنیا میں سب سے سستے تیار کرنا شروع کردیئے گئے ہیں اور مبینہ خاموشی کے تحت دنیا کے مختلف ممالک کو سپلائی بھی کیے جا رہے ہیں۔