بلاول بھٹو نے لاک ڈاؤن فیصلے پر عوام سے تعاون مانگ لیا

March 25, 2020 12:03 pm0 commentsViews: 4

کسی بھی حکومت کی اہم ذمہ داری عوام کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہے ، راشن ضرورت ہے تو بتائیں راشن بھی فراہم کیا جائیگا
اگر لاک ڈاؤن کے دوران آپ بیمار ہوجاتے ہیں تو سندھ حکومت سے رابطہ کریں، ٹیسٹ کرایا جائیگا ،چیئر مین پیپلز پارٹی
کراچی/ اسلام آباد(ا سٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کسی بھی حکومت کی اہم ذمہ داری اپنے عوام کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہے ،لاک ڈاؤن کے فیصلے پر عوام سندھ حکومت سے تعاون کریں۔منگل کو جاری ہونے والے اپنے ویڈیو پیغام میں انہوںنے کہاکہ کسی بھی حکومت کی اہم ذمہ داری اپنے عوام کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں کرونا وائرس پھیل رہا ہے، لوگ بیمار اور ہلاک ہورہے ہیں جبکہ کرونا وائرس کا نہ کوئی علاج ہے اور نہ کوئی ویکسین ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور آپ کی صحت، زندگی کے تحفظ کے لئے سندھ حکومت نے سخت فیصلے لئے ہیں، انہوں نے اپیل کی کہ لاک ڈاؤن کے فیصلے پر عوام سندھ حکومت سے تعاون کریں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر لاک ڈاؤن کے دوران آپ بیمار ہوجاتے ہیں تو سندھ حکومت سے رابطہ کریں تاکہ آپ کا ٹیسٹ کرایا جاسکے، اسی طرح اگر آپ کو لاک ڈاؤن کے دوران راشن کی ضرورت ہے تو آپ سندھ حکومت سے رابطہ کریں، راشن آپ کو پہنچایا جائیگا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ حکومت کی مدد کرکے ساتھ دیں تاکہ غریبوں کا خیال کیا جاسکے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر آپ 14 دن کیلئے گھروں میں نہ رہ کر ہمارے ساتھ تعاون نہیں کرتے ہو تو ساری محنت ضائع ہوجائے گی اور نہ صرف زیادہ لوگ بیمار ہوجائیں گے بلکہ خدانخواستہ لوگ مر بھی سکتے ہیں، انہوں نے اپیل کی کہ سندھ حکومت سے تعاون کریں، گھر پر رہیں اور اپنی زندگی کا تحفظ کریں۔