کراچی میں لاک ڈاؤن میں سختی کرنے جا رہے ہیں، ایڈیشنل آئی جی کراچی

March 25, 2020 12:05 pm0 commentsViews: 3

گھروں سے باہر نکلنے والوں کے خلاف اب ایکشن لیں گے‘غلام نبی میمن کی میڈیا سے گفتگو
چھٹیاں باہر گھومنے کیلئے نہیں، عوام کو گھروں میں رہنا پڑے گا‘ وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا ہے کہ شہر میں لاک ڈاؤن میں سختی کرنے جا رہے ہیں، شہری حکومت سندھ کی ہدایات پر خود سے عمل کریں تو اچھا ہے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے شہر قائد میں لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کرانے کے سلسلے میں سختی کرنے کا عندیہ دے دیا، ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ گھروں سے باہر نکلنے والوں کے خلاف اب ایکشن لیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس چاہتی تھی عوام خود سے تعاون کریں، جو لوگ تعاون کر رہے ہیں ہم ان کے شکر گزار ہیں، گلی محلوں میں جمع ہونے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کریں گے، سختی کرنے کا مقصد کرونا کو پھیلنے سے روکنا ہے۔ایڈیشنل آئی جی نے سڑکوں پر موجود ٹریفک کے حوالے سے بتایا کہ جن لوگوں کو کام پر جانے کی اجازت ہے ان کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک نظر آ رہا ہے۔قبل ازیں، غلام نبی میمن نے ایک وڈیو پیغام میں اپیل کی تھی کہ پولیس کا کام عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنا ہے، عوام لاک ڈاؤن کے فیصلے پر عمل درآمد کریں، کوشش کر رہے ہیں کہ طاقت کا استعمال کم سے کم کریں، پہلے دن لوگوں کو نہ چاہتے ہوئے بھی گرفتار کرنا پڑا، پولیس اور شہریوں کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔