آئی جی سندھ نے شہریوں کو گرفتار کرنے سے روک دیا

March 26, 2020 11:27 am0 commentsViews: 34

حالات کوفساد ، جھگڑے کی طرف جانے سے روکنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں
ہمیں خلاف ورزی کرنے والوں کو روایتی قانون شکن نہیں سمجھنا چاہئے، مشتاق مہرکا پیغام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ مشتاق مہر نے پولیس فورس کو اپنے دوسرے اہم پیغام میں مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس وقت ایک غیر معمولی صورتحال سے گزر رہے ہیں۔پولیس کے محکمے کو آئندہ آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں اس صورتحال کے پیش نظر انتہائی اہم کردار ادا کرنا ہے ، بدقسمتی سے ہم ایسے لوگوں کو گرفتار کر رہے ہیں جو بذات خود حالات کے جبر کا شکار ہیں ، ہمیں ایسے افراد سے تحمل اور ہمدردی سے پیش آنا ہوگا ، مشکل کے اس وقت میں پولیس عام شہریوں کو گرفتار کرنے کے بجائے انھیں در پیش آفت سے آگاہ کر کے شائستگی سے انتباہ کے ساتھ جانے دے ، مشکل کی اس گھڑی میں پولیس لازمی طور پر عوام دوست اور ہمدرد کے طور پر سامنے آئے نہ کہ عوام میں اس کا ناپسندیدہ و بے رحم تاثر قائم ہو ، مشتاق مہر نے سندھ پولیس کے افسران و جوانوں کو اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ اس بات کا قوی خدشہ ہے کہ یہ بحران روز بروز بڑھتا جائے گا تاہم ہمیں امن و امان قائم رکھنے کے لیے اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھنی ہوگی اور اس نئی صورتحال میں ہمیں پولیسنگ بھی ایک نئے طریقے سے کرنی ہوگی۔قانون نافذ کرنے کے عمل کی دوران ہمیں خلاف ورزی کرنے والوں کو روایتی قانون شکن نہیں سمجھنا چاہیے، آئی جی سندھ نے فیلڈ میں کام کرنے والے افسران و جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقہ معززین کی مدد سے ایسے لوگوں کی نشاندہی کریں جن کی آمدنی انتہائی کم ہے لہذا ہمیں قانون نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے لوگوں کی مدد کرنے اور انھیں سہولیات پہنچانے کا انتظام بھی کرنا ہے ہمیں ایک مدد گار کا بھی کردار ادا کرنا ہوگا ۔