اناج کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ‘ کراچی میںگندم، دالوں،چاول کی قلت کا خدشہ

March 26, 2020 11:27 am0 commentsViews: 9

اگر اناج کی گاڑیاں بروقت مارکیٹ میں نہیں پہنچیں تو عوام کو ضروری غذائی اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی ممکن نہیں ہوسکے گی
فوری روکنے کی ہدایات جاری کی جائیں‘کراچی ہول سیل گروسرز کا گورنر،وزیراعلیٰ ،آئی جی پولیس سے نوٹس لینے کا مطالبہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)دالوں، چاول، چینی، مصالحہ جات ، گندم و دیگر اجناس کے تھوک تاجروں،درآمدکنندگان وبرآمدکنندگان کی نمائندہ کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن (کے ڈبلیو جی اے)کے چیئرمین ملک ذوالفقار علی نے اناج کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گورنر،وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی پولیس سے درخواست کی ہے کہ کراچی میں عوام کو اناج بشمول دالیں،چاول وغیرہ کی بلا رکاوٹ فراہمی کے لیے پولیس اہلکاروں کو گاڑیوں کی پکڑ دھکڑسے فوری روکنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔کے ڈبلیو جی اے کے رہنماؤں نے پنجاب سمیت اندروں سندھ سے آنے والی اناج سے لدی گاڑیوں کو راستوں میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے روکنے اور بے جا پریشان کرنے پر اپنے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سندھ حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس کا نوٹس لے بصورت دیگر کراچی میں اناج کی قلت پیداہوسکتی ہے اور وہ بھی ایسے وقت میں جب کرونا وائرس کی وبا کو روکنے کے پیش نظر سندھ حکومت نے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے صوبے بھرمیں لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے لہٰذا اگر اناج کی گاڑیاں بروقت مارکیٹ میں نہیں پہنچیں تو عوام کو دالوں اور چاول سمیت دیگر ضروری غذائی اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی ممکن نہیں ہوسکے گی ۔ ملک ذوالفقار علی نے مزید کہا کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے حفاظتی نقطہ نظر کے تحت صوبے بھر کی مارکیٹیں بند ہیں لیکن اناج کی مارکیٹ مسلسل کھلی ہے تاکہ لاک ڈاؤن کے دوران بھی عوام کوبلاتعطل اناج کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے اور انہیں کھانے پینے کی کمی نہ ہومگر اناج کی گاڑیاں روکے جانے سے صورتحال گھمبیر ہوسکتی ہے ۔انہوں نے گورنر ،وزیراعلیٰ سندھ اور آئی جی پولیس سے درخواست کی کہ عوام کے بہتر ترین مفاد میں فوری طور پرہدایت جاری کی جائے کہ اناج کی گاڑیوں کو نہ روکا جائے جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو بھی یہی ہدایات جاری کی جائیں تاکہ مارکیٹ میں اناج کی کمی نہ ہو اور ریٹیل دکانداروں کو طلب کے مطابق سپلائی ممکن بنائی جاسکے۔